سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی فلاحی اقدام ”وزیراعلیٰ پنجاب دھی رانی پروگرام” پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن اشفاق الرحمن خان، ڈویژنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شاکرہ نورین اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے شرکت کی۔اجلاس میں دھی رانی پروگرام کے تحت مستحق اور ضرورت مند خاندانوں کی بچیوں کی اجتماعی شادیوں کے انعقاد، مستحق افراد کے انتخاب اور پروگرام پر مؤثر عملدرآمد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کے مطابق پروگرام کے ثمرات حقیقی مستحق خاندانوں تک پہنچائے جائیں اور تمام مراحل میں شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پروگرام کے تحت جاری سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور مستحق خاندانوں کو حکومتی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر نہ ہونے دی جائے۔




