ساہیوال ( بیورو چیف) ریجنل ٹیکس آفس (RTO) ساہیوال نے ٹیکس نادہندگان کیخلاف جاری انفورسمنٹ کارروائیوں کے دورا ن بورے والا میں ایک کاٹن جننگ یونٹ سے سیلز ٹیکس کے بقایاجات کی مد میں 23 لاکھ روپے کی ریکوری کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دیے۔تفصیلات کے مطابق بورے والا میں کاٹن جننگ کے کاروبار سے وابستہ ایک ٹیکس گزار کی جانب سے سیلز ٹیکس گوشوارے میں واجب الادا سیلز ٹیکس کی کم ادائیگی کی نشاندہی ہوئی تھی۔ اس سلسلے میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 11 کے تحت قانونی کارروائی کرتے ہوئے ٹیکس ڈیمانڈ قائم کی گئی ۔ مذکورہ ٹیکس مطالبے کی وصولی کیلئے آر ٹی او ساہیوال کی انفورسمنٹ ٹیم نے بورے والا میں مؤثر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 23 لاکھ روپے کے واجب الادا سیلز ٹیکس کی وصولی یقینی بنائی۔یہ کارروائی ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے، سیلز ٹیکس گوشواروں میں درست ٹیکس کی ادائیگی اور سرکاری محصولات کے تحفظ کیلئے آر ٹی او ساہیوال کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔ریجنل ٹیکس آفس ساہیوال نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ٹیکس نادہندگان کیخلاف قانونی کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور واجب الادا سرکاری محصولات کی وصولی کیلئے تمام قانونی وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔




