فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)گھنٹہ گھر اور اسکے اطراف پارکنگ مسائل کے موثر اور مستقل حل کے لئے پانچ پارکنگ پلازوں پرتیز رفتاری سے تعمیراتی کام جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے زیر تعمیر پارکنگ سائٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور کچہری بازار (ذیل گھر)، امین پور بازار، کارخانہ بازار اور ڈگلس پورہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی پیشرفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیداروں کو تعمیراتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام پارکنگ پلازے ہر صورت مقررہ ٹائم فریم کے اندر مکمل کئے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد بہترین پارکنگ سہولیات میسر آ سکیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا کہ ان پارکنگ پلازوں کی بدولت مرکزی تجارتی مراکز میں پارکنگ کا درپیش سنگین مسئلہ ہمیشہ کے لئے حل ہو جائے گا۔ ان پارکنگ سائٹس پر ہزاروں موٹر سائیکلوں کی پارکنگ کی گنجائش پیدا ہوگی جس سے نہ صرف بازاروں میں ٹریفک کی روانی بحال ہوگی بلکہ تاجروں اور خریداروں کی آمدورفت میں بھی بڑی آسانی ہوگی۔




