تعلیمی کمزوریوں کی نشاندہی کیلئے خصوصی پروگرام متعارف

فیصل آباد(ایجوکیشن رپورٹر) بچوں میں تعلیمی کمزوریوں اور سیکھنے کے عمل میں درپیش مشکلات کی بروقت نشاندہی کے لیے ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹورنگ (AIM) نے انٹینسیو کیئر لرننگ پروگرام (ICLP) متعارف کرایا ہے۔ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، سی ایم ایم ایف، محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب لاہور اور سابق ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ڈی پی آئی) رانا عبدالقیوم خاں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس پروگرام کے تحت بچوں کی تعلیمی صلاحیتوں کا جامع جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد تشخیصی رپورٹس تیار کرکے والدین اور اساتذہ کو بچوں کی تعلیمی ضروریات کے مطابق عملی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کا مقصد بچوں کو کسی لیبل یا منفی شناخت سے جوڑے بغیر ان کی سیکھنے کی مشکلات کو سمجھنا اور مناسب معاونت فراہم کرنا ہے۔ تعلیمی کمزوریوں کی بروقت نشاندہی اور انفرادی ضروریات کے مطابق رہنمائی سے بچوں کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔رانا عبدالقیوم خاں کے مطابق بچوں کے لیے مفت لرننگ اسیسمنٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ والدین اور اساتذہ مفت تعلیمی جائزے کے لیے ادارے کی ویب سائٹ www.aimworld.org پر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں