ملکی ترقی کے لئے نوجوانوں کو آگے آنا چاہئے

لاہور(بیورو چیف)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملکی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ہیلتھ ریکس امریکن سینٹر آف ایکسیلنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ تقریب میں شرکت ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی ایک امریکی کمپنی کے لیے کام کر چکے ہیں اور اس شعبے کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، رات کے اوقات میںجاگ کر کام کرنا کتنا مشکل ہوتا ہے، وہ اس تجربے کو سمجھتے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے آئی ٹی سیکٹر کو بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ کاروباری افراد کو بہتر مواقع فراہم کرے، کسی بھی عہدے پر فائز ہونے کے بعد عوام کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے اور ہر فیصلے کے اثرات ہزاروں افراد پر مرتب ہوتے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ نوجوان نسل ہمارے لیے سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے، نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ ملک کو آگے لے کر نوجوان نسل نے ہی اپنا کردار ادا کرنا ہے، آئی ٹی سیکٹر کو موجودہ حکومت نے بھرپور سپورٹ فراہم کی ہے اور اس شعبے کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کاروباری شخصیات بھی اسی طرح ملک میں سرمایہ کاری کریں گی اور نئے کاروباری سیٹ اپ قائم کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں