فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پرکمشنر آفس فیصل آباد ڈویژن میں نہری پانی چوری کے سدباب اور کسانوں کو ٹیل تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہے۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز انفورسمنٹ،محکمہ انہار،محکمہ زراعت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کوقانونگوئی سرکلز میں انسپکشن اور ایکشن کی رپورٹ روزانہ فراہم کرنے کا حکم دیا۔کمشنر نے واضح کیا کہ کسانوں کو سیزن میں نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں سے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور پانی چوری میں ملوث بڑے مگرمچھوں کو نکیل ڈالیں تاکہ حقیقی کاشتکاروں تک پانی کی فراہمی یقینی ہو۔انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر نمبرداروں کو بھی متحرک کیا جائے اور کسانوں سے رابطوں کا سلسلہ بڑھائیں جو متعلقہ محکموں کی انسپکشنز اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائی سے مطمن ہونے چاہیں۔اجلاس میں چیف انجینئر محکمہ انہار سے 15 یوم کی انسپکشن رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کسانوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے بھی موثر اقدامات جاری ہیں۔اجلاس کے دوران کمشنر کی تحریک پر فیسکو نے کسانوں کے بجلی کے بلوں کی اقساط اور زائد بلوں کی شکایات کے ازالہ کے لئے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی۔یاد رہے کہ ایک روز قبل صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت کی زیرصدارت اجلاس میں کسان بورڈ کے نمائندے میاں ریحان الحق ایڈووکیٹ نے فیسکو کے حوالے سے بعض امور کی نشاندہی کی تھی جس پر کمشنر نے فیسکو کو مسئلہ حل کرنے کے لئے کہا۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند،ڈائریکٹر زراعت چوہدری خالد محمود،فیسکو،انہار ودیگر محکموں کے افسران اور کسان بورڈ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔




