کے پی میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا تعداد 6ہوگئی

کوہاٹ(بیوروچیف)صوبائی دارالحکومت پشاور سے متصل قبائلی ضلع خیبر میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں رواں سال رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 6 جبکہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)اسلام آباد نے ضلع خیبر میں پولیو وائرس کے نئے کیس کی تصدیق کردی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ کی یونین کونسل جانباز بی میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں سال ضلع خیبر سے رپورٹ ہونے والا یہ دوسرا پولیو کیس ہے۔ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں رواں سال اب تک پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں ضلع بنوں کے 3، ضلع خیبر کے 2 اور شمالی وزیرستان کا ایک کیس شامل ہے۔ملک بھر میں رواں سال اب تک پولیو کے مجموعی طور پر 8 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں خیبر پختونخوا کے 6 اور سندھ کے 2 کیسز شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں