فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)گول بھوانہ بازار میں گاہک بلانے پر دو دکانداروں میں جھگڑا ،بازار میدان جنگ بن گیا۔آہنی راڈ، مکوں، لاتوں اور شیشے کی بوتلیں لگنے سے باپ بیٹوں سمیت 4افراد لہولہان، بھوانہ بازار میںلوگوں کا رش لگ گیا،انجمن تاجران بھوانہ بازار نے دونوں دکانوں المکہ آئس باراورا لقائم فوڈ کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا،کوتوالی پولیس نے پانچ نامزد اور15نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے دونوں پارٹیوں کے دو دو افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق پیپلز کالونی نمبر11کے رہائشی سبحان ولد وحید نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس نے القائم فوڈکائونٹر کے نام سے دکان بنا رکھی ہے اور گزشتہ روز دوپہر کو گاہک اپنی طرف بلانے پر مدعی اور المکہ آئس بار کے ملک شفیق کے ساتھ گاہلک بلانے پر جھگڑا ہوا تو ملزمان ملک شفیق نے اپنے ساتھیوں ملک قاسم، ملک مہدث ، آصف علی، قاسم علی اور15نامعلوم ساتھیوں کو بلا لیا اور ملزمان نے آہنی راڈ، شیشے کی بوتلیں، مکوں اور کرسیاں مار کر مدعی اس کے والد وحید ،بھائی روہان ،ملازم عمیر کو بری طرح زخمی کر دیا، سامان کی توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دن بھر کی سیل کی رقم بھی لے گئے، لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے المکہ آئس بار کے ملزمان محمد شفیق ، قاسم اور القائم فوڈ کے عدنان اور خرم شہزاد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی ہے۔انجمن تاجران بھوانہ بازار کے صدر حافظ یحیٰ اور جنرل سیکرٹری محمد امین نے ثالثی فیصلہ پر دونوںدکانوں کو بند کروا دیا۔




