کراچی( بیورو چیف)ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فونز کی خرید و فروخت اور ان کے آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبرز تبدیل کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے والے منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے اور ان کی نشاندہی پر کروڑوں روپے مالیت کے 435 موبائل فونز، جن میں قیمتی آئی فونز بھی شامل ہیں، برآمد کیے ہیں، جبکہ آئی ایم ای آئی پیچنگ میں استعمال ہونیوالے 5 کمپیوٹرز اور 7 جدید لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لے لیے گئے۔ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق خواجہ اجمیر نگری، نیو کراچی، تیموریہ اور گلبہار پولیس نے چار تھانوں کی حدود میں بیک وقت ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے موبائل فونز کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ڈیجیٹل شناخت تبدیل کرنے میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔ کارروائیوں کے دوران تھانہ خواجہ اجمیر نگری پولیس نے باڑا مارکیٹ سے 4، تھانہ نیو کراچی پولیس نے جیو موبائل مارکیٹ سے 4، تھانہ تیموریہ پولیس نے سرینہ موبائل مارکیٹ سے 3 جبکہ تھانہ گلبہار پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والے موبائل فونز میں 37 آئی ایم ای آئی پیچ شدہ اور 9 چوری و چھینے گئے اینڈرائیڈ موبائل فونز بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان مبینہ طور پر جدید سافٹ ویئر اور کمپیوٹرز کی مدد سے موبائل فونز کی ڈیجیٹل شناخت تبدیل کرتے تھے اور نان پی ٹی اے سمیت اقساط کی عدم ادائیگی کے باعث بلاک ہونے والے موبائل فونز کی بھی غیر قانونی پیچنگ میں ملوث تھے۔ ملزمان ڈیجیٹل ٹیمپرنگ کے ذریعے چوری اور چھینے گئے فونز کی اصل شناخت چھپا کر انہیں مارکیٹ میں فروخت کرتے تھے۔ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار ملزمان کئی ماہ سے موبائل فونز کی پیچنگ اور آئی ایم ای آئی نمبرز تبدیل کرنے کا کام کر رہے تھے، جس کے باعث پولیس کو چوری اور چھینے گئے موبائل فونز کی ٹریسنگ میں مشکلات کا سامنا تھا۔ ان کے مطابق گرفتار ملزمان کی مختلف موبائل مارکیٹوں میں موبائل فون مرمت کی اپنی دکانیں ہیں، جبکہ بعض ملزمان اپنے گھروں پر بھی یہ کام کرتے تھے۔ ملزمان شہر کے علاوہ دیگر علاقوں میں بھی موبائل فونز فروخت کرتے تھے۔




