13ویں ترمیم کے تحت اختیارات میں کمی نہیں ہو سکتی

اسلام آباد(بیورو چیف)وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ13ویں ترمیم کے تحت حاصل اختیارات میں کمی نہیں ہو سکتی،ریاست کی حیثیت بدلنے سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، 13ویں کے بعد 14ویں اور 15ویں ترامیم آئیں، یہ ارتقائی عمل ہے،عوامی مفاد میں کوئی بھی ترمیم اسمبلی کے فورم پر آئے گی،ابھی دو اضلاع کی اسمبلی میں نمائندگی بھی موجود نہیں،جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے ریاست میں انتشار پھیلایا جا رہا ہے، مذاکرات کا مطلب من مانی نہیں بلکہ ایک دوسرے کی بات سننا ہے۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے آزاد جموں و کشمیر بار کونسل اور بار ایسوسی ایشنز کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون ارتقائی عمل ہے، عوامی فلاح و بہبود کے لیے ترامیم ہوتی ہیں، سب کو سوچنا ہوگا کہ ریاست کو آگے کیسے لے کر جانا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر بار کونسل کو مکانیت کیلئے جگہ فراہم کی جائیگی، وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر لائرز پروٹیکشن ایکٹ آئندہ کابینہ میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بروقت انصاف کی فراہمی سے 90 فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں، عام شہری کا ریاست پر اعتماد بحال کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ لاء کمیشن کو فعال بنانے کی ضرورت ہے،25سال میں دنیا بہت تیزی سے آگے بڑھی ہے،تعلیم، صحت اور روزگار عام آدمی کے مسائل پر بات کریں،تجاویز دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں