لاہور (بیورو چیف)گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی ملک کی ترقی ہے، ملک دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں، ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان نسل کا کردار بہت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں بلوچستان سے آئے ہوئے طلبا و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک دشمن عناصر بلوچستان میں بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتے ہیں۔مگر شر پسند عناصر اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی بہادر افواج اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام صوبے ایک اکائی کی مانند ہیں۔بلوچستان کی ترقی پورے ملک کی ترقی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا رہی ہے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ اور مستقبل کے لیڈرز ہیں۔بلوچستان کے طلبا بہت با صلاحیت ہیں۔ گورنر پنجاب نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھر پور طریقے سے اپنا حصہ ڈالیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ایچی سن کالج میں بلوچستان کے طلبا کا سکالرشپ کوٹہ بڑھایاہے اور اس میں ہر سال مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ مزید طلباء یہاں آکر اعلی تعلیم حاصل کرسکیں۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی جامعات میں بھی بلوچستان کے طلباء کو سکالرشپں دیئے جارہے ہیں۔گورنر پنجاب نے طلبہ کی گزارشات کو پنجاب حکومت کو بھیجنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔




