فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ کے علاقہ فیڈمک میں الرحمن کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے زہریلی گیس اور دھواں سے سانس لینا دشوار، دو محنت کش بے ہوش ہو گئے، ریسکیو 1122کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کافی جد و جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔بتایا جا رہا ہے کہ فیڈمک میں واقع الرحمان کیمیکل فیکٹری میں بڑے زائلین کیمیکل کے ڈرموں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی زہریلی گیس کے پھیلنے سے لوگوں کا سانس لینا دو بھر ہو گیا، کھلے میدان میں پڑے زائلین کیمیکل ڈرمو ں میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی تاہم اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ پر آگ پر قابو پایا تاہم اس دوران زہریلی گیس کے باعث دو ملازمین 35سالہ عدیل اور22سالہ ارمان کی حالت غیر ہو گئی، ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا، زہریلی گیس کے اخراج سے لوگوں کو سانس لینا دو بھر ہو گیا۔دریں ثنائ۔ فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) کھرڑیانوالہ تا جڑانوالہ روڈ پر اے آئی تولیہ فیکٹری میں آگ لگنے سے بھاری مالیت کا سامان و مشینری جل کر خاکستر ہو گئی، ریسکیو ٹیموںنے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، بتایا جاتا ہے کہ کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ پر واقع اے آئی تولیہ فیکٹری میں مشین میں سپارکنگ کے باعث لگنے والی آگ نے گودام میں مشینری اور کپڑے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدو جہد کے باعث آگ پر قابو پا لیا، تاہم بھاری مالیت کی مشینری اور سامان جل کر راکھ ہو گیا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔




