انسداد سموگ آپریشن،11صنعتی یونٹس ،4بھٹے سیل

لاہور(بیوروچیف)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 11 صنعتی یونٹس اور 4 اینٹوں کے بھٹے سیل جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر6بھٹے مسمار کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر میں 240 صنعتی یونٹس اور 429 اینٹوں کے بھٹوں کی سخت چیکنگ کی گئی۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 26 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔غیر معیاری پلاسٹک کے خلاف کارروائی کے دوران 896 کلوگرام ممنوعہ پلاسٹک ضبط کر لیا گیا جبکہ پلاسٹک قوانین کی خلاف ورزی پر 12 مقامات سیل اور متعدد کو نوٹسز جاری کیے گئے۔دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کیلئے 119 کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، مانیٹرنگ کے دوران 5 مقامات سیل جبکہ 69 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کروائے گئے۔اسی طرح اڑتی دھول کی روک تھام کیلئے 22 مقامات کی انسپیکشن کی گئی اور خلاف ورزیوں پر 15 نوٹسز جاری کیے گئے۔ فضائی آلودگی کی نگرانی کیلئے ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی سکواڈ بھی مسلسل متحرک ہیں۔حکام کے مطابق کمزور موسمی ہواں کے باعث مقامی سطح پر آلودگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف مانیٹرنگ مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فیلڈ ٹیمیں مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں۔اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ انہوں نے کسانوں سے اپیل کی کہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے مکمل گریز کریں تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں