لاہور (بیوروچیف)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مسائل ، مطالبات اور احتجاجوں کو گفت و شنید کی بجائے محض طاقت کا استعمال کر کے حل کرنے کی سوچ قوم کو ہمیشہ مہنگی پڑی ہے ، قبولیت ہو یا مقبولیت ، سب عارضی ہے،آنیوالے خود ایک دن چلے جاتے ہیںلیکن قومی وحدت پر لگے زخم دہائیوں تک رِستے ہوئے زہرآلود ہو جاتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ ریاست کا ہر فرد ،ہر محافظ اپنے جان و مال سے اس کی قیمت مدتوں ادا کرتا رہتا ہے، ہتھیارسرکار اٹھائے یا احتجاج کرنے والے ، اس کی حمایت نہیں کی جا سکتی ، یہ عمل زخموں کو چرکے بنا رہا ہے ،کشمیر میں طاقت کا استعمال نا عاقبت اندیشی کے سوا کچھ نہیں ،زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے پہل ہمیشہ سرکار کرتی ہے ، آگے بڑھیں ، بہت نقصان ہو چکا ، مزید نہ کیا جائے ۔ایک اور بیان میں سعد رفیق نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل گرتی ہوئی قیمت امید افزا خبر ہے ،قیمتیں نیچے لانے کیلئے وزیر اعظم اور وزیر پٹرولیم کی بھرپور کاوشیں قابل قدر ہیں ، حکومت نے خلیجی جنگ سے پیدا ہونے والے مشکل ترین حالات میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین ٹوٹنے نہیں دی ۔اس ضمن میں عوام کو مزید ریلیف درکار ہے ۔ انہوںنے کہا کہ امریکہ ایران جنگ نے پوری دنیا کو مہنگائی کی لپیٹ میں لیا ہے جس کا نشانہ پاکستانی عوام بھی بنے ہیں،ہمارے یہاں حکومتی اخراجات پورے کرنے اور قرضوں کی ادائیگی کیلئے عوام پر نت نئے ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنا ایک تکلیف دہ روایت بن چکا ہے، کوشش کی جانی چاہیے کہ ٹیکسز کی شرح نیچے لائی جائے اور ایسا ماحول پیدا کیا جائے کہ ہر طبقے کیلئے ٹیکس دینا آسان ہو ، کاروباری لوگ ٹیکس چوری کرنے کی بجائے وائٹ منی کے حصول کیلئے بخوشی ٹیکس دیں ،کثیر زز ِ مبادلہ بھجنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے بیرون ملک اور اندرون ملک تحفظ اور ان کی عزت کیلئے اقدامات کیے جائیں۔




