نوجوان نسل کو فکر اقبال سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان سیاسی رہنما چوہدری میمون حسین نے یومِ اقبال کے موقع پر شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال کی فکر، فلسفہ خودی، تصورِ پاکستان اور نوجوانوں کے لیے ان کا پیغام آج بھی ہماری قومی زندگی میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو خودداری، اتحاد، علم، شعور اور جدوجہد کا درس دیا۔ ان کا پیغام نوجوانوں کو محض خواب دیکھنے کے بجائے علم، کردار، محنت اور عملی جدوجہد کے ذریعے اپنے مستقبل کی تعمیر کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔چوہدری میمون حسین نے کہا کہ آج پاکستان کو ایسی نوجوان قیادت اور باشعور نسل کی ضرورت ہے جو جمہوریت، آئین کی بالادستی، سماجی انصاف، مساوات اور قومی یکجہتی کے اصولوں پر یقین رکھتی ہو۔ فکرِ اقبال ہمیں ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کا راستہ دکھاتی ہے جہاں ہر شہری کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔ نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ یومِ اقبال صرف ایک قومی دن نہیں بلکہ اپنے قومی تشخص، فکری آزادی اور اجتماعی ذمہ داریوں پر غور کرنے کا موقع ہے۔ ہمیں فکرِ اقبال کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں