فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان فلاح پارٹی شمالی پنجاب کے صدر چوہدری ضمیر گجر نے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری کی موجودگی میں ملنے والے تنظیمی عہدیداروں وذمہ داران سے ملاقات میں کہا ہے کہ پیغامِ اقبال کانفرنس محب وطن پاکستانیوں کی اپنے وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال محض ایک عظیم شاعر ہی نہیں بلکہ ایک مفکر، فلسفی اور ملتِ اسلامیہ کے عظیم رہنما تھے، جنہوں نے اپنی شاعری اور فکر کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودی، خود اعتمادی اور ایک الگ قومی تشخص کا شعور بیدار کیا۔ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین کا تصور دے کر انہیں بلند حوصلگی، مسلسل جدوجہد، علم و عمل اور خودداری کا درس دیا۔ ان کا پیغام آج بھی پاکستانی قوم، بالخصوص نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اس موقع پر سید آفتاب عظیم بخاری نے کہا کہ آج پاکستان کو جن سیاسی، معاشی، معاشرتی اور اخلاقی چیلنجز کا سامنا ہے، ان سے نکلنے کے لیے ہمیں فکرِ اقبال کو محض تقریبات، تقاریر اور کتابوں تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔ اقبال کا تصورِ پاکستان ایک ایسی خودمختار، باوقار اور اسلامی فلاحی ریاست کا تصور تھا جہاں عدل و انصاف، مساوات، اخوت، دیانت داری اور انسانی احترام کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ اگر ہم واقعی پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ریاست بنانا چاہتے ہیں تو ہمیں اقبال کے پیغام کو عملی جدوجہد میں تبدیل کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو اقبال کے فلسف خودی، شاہین کی صفات، حصولِ علم، کردار سازی اور قومی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ مایوسی اور احساسِ کمتری سے نکل کر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کر سکیں۔




