پاکستان، سعودیہ مشترکہ فنڈ /معاشی تعاون کیلئے اہم پیش رفت (اداریہ)

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور دیرینہ تعاون کی مضبوط بنیاد موجود ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو اہمیت دی ہے اور مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ سعودی عرب اور پاکستان کے مشترکہ نجی سرمایہ فنڈ کا قیام بھی اسی سلسلے کی ایک پیش رفت ہے ، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی جہت دے سکتا ہے۔ اس اقدام سے سرمایہ کاروں ، صنعتی ترقی ، روزگار کے مواقع اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کے امکانات روشن ہونگے، پاکستان ایک اہم جغرافیائی محل وقوع کا حامل ملک ہے، جہاں زراعت ، صنعت، معدنیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں، دوسری جانب سعودی عرب اپنی معیشت کو متنوع بنانے، جدید صنعتوں کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کر رہا ہے، ایسے میں دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے نئے راستے تلاش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مشترکہ نجی سرمایہ کاری فنڈ اس مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔سعودی، پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل نے سعودی پاکستان پرائیویٹ ایکویٹی فنڈ کے قیام کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے، کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے کہا کہ مملکت سعودی عرب اور پاکستان دوستی اور برادرانہ رشتوں کے ایسے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں جو کسی بھی معاہدے سے کہیں زیادہ گہرا ہے یہ رشتہ جذبے کے اعتبار سے ہمیشہ مضبوط رہا ہے، یہ فنڈ اسے اتنی مضبوط تجارتی بنیاد فراہم کرے گا۔ پاکستان سعودیہ مملکت کا فطری شراکت دار ہے۔ اور سعودی سرمایہ کار اسے شراکت داروںاور منڈیوں کی تلاش میں ہے۔ جہاں وہ اعتماد کے ساتھ ترقی کر سکیں۔ پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کر کے ہم برسوں کے غور و فکر اور مطالعے کو ایسی عملی سرمایہ کاری میں بدل رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام مستفید ہوں گے۔اور ایک دیرپا شراکت داری کی بنیاد رکھ رہے ہیں، عارف حبیب گروپ کے سربراہ نے کہا کہ یہ فنڈ پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع پر اعتماد کا اظہار ہے۔ طویل عرصے سے پاکستان کے بارے میں پائے جانے والے تاثرات نے حقیقت کو دھندلائے رکھا اور یہ معاہدہ ظاہر کرتا ہے کہ سنجیدہ سرمایہ کار اس حقیقت کی بنیاد پر عملی قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں۔ملکی معیشت پر اعتماد میں پاکستانی سرمایہ کار اس حقیقت کی بنیاد پر عملی قدم اٹھانے کیلئے تیار ہیں، ملکی معیشت پر اعتماد میں پاکستانی سرمایہ کار پیش پیش رہتے ہوئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں اور ہمارے سعودی بھائی ہمارے ساتھ مل کر سرمایہ کاری کر رہے ہیں، سرمائے کا رخ حکومت کے لینڈ بینک کی مینٹائزیشن کی جانب موڑنے سے غیر فعال اثاثے پیداوار سرمایہ کاری میں تبدیل ہونگے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض تجارت اور سرمایہ کاری تک محدود نہیں بلکہ ان کی بنیاد مشترکہ اقدار باہمی احترام ہے اور دیرینہ برادرانہ تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، موجودہ عالمی حالات میں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے مضبوط روابط غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں، پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے معاشی امکانات کو موثر حکمت عملی کے ذریعے بروئے کار لائے، برآمدات میں اضافہ کرے، پیداواری شعبوں کو مضبوط بنائے اورسرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بہتر کرے، سعودی عرب کے ساتھ اشتراک اس سفر میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔بشرطیکہ منصوبوں کو قومی مفاد، معاشی پائیداری اور عوامی فائدے کوسامنے رکھ کرآگے بڑھایا جائے، پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ نجی فنڈ دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو نئی وسعت دینے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔زراعت، توانائی، صنعت ، ٹیکنالوجی اورانسانی وسائل کی ترقی میں مشترکہ کوششیں باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک اپنے دوستانہ تعلقات کو ٹھوس معاشی منصوبوں میں تبدیل کریں، سرمایہ کاری کے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور ایسی شراکت داری کو فروغ دیںجس کے ثمرات دونوں ممالک کے عوام تک پہنچ سکیں۔ مضبوط اقتصادی تعاون نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی میں معاون ہو گا بلکہ خطے میںاستحکام، خوشحالی اور باہمی اشتراک کے امکانات کو بھی تقویت دے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں