پیغام اقبال سے رہنمائی، وقت کی اہم ترین ضرورت (اداریہ)

شاعر مشرق حکیم الامت اور مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کا یوم ولادت ہر سال9نومبر کو قومی جذبے، فکری وابستگی اور تجدید عہد کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ علامہ اقبال برصغیر کے ان عظیم مفکرین میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی شاعری، فلسفے اور فکر کے ذریعے مسلمانوں میں خودی ، خود اعتمادی، بیداری اورآزادی کا شعور پیدا کیا۔ ان کا پیغام کسی ایک دور یا نسل تک محدود نہیں بلکہ آج بھی ہماری قومی زندگی، تعلیمی نظام ، معاشرتی رویوں اور نوجوانوں کی رہنمائی کیلئے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ان کے یوم ولادت کا اصل تقاضا یہ ہے کہ ہم ان کے افکار کو محض تقریبات اور تقاریر تک محدود رکھنے کی بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کی شاعری میں مسلمانوں کی عظمت رفتہ، اسلامی تہذیب کی روح ، انسانی آزادی، بلند کردار اور اجتماعی ترقی کے موضوعات نمایاں ہے۔علامہ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے انسانوں کو اپنی خداداد صلاحیتیں پہچاننے ، مشکلات کا مقابلہ کرنے اورزندگی میں بلند مقاصد اختیار کرنے کا درس دیا۔یہی وجہ ہے کہ ان کا پیغام آج بھی نوجوانوں، طلبہ، اساتذہ اور اہل فکر کیلئے مشعل راہ ہے۔ ان کے فلسفے کا بنیادی تصور خودی ہے۔ خودی سے مراد محض اپنی ذات پر فخر کرنا نہیں بلکہ اپنی شخصیت کو علم، کردار ، محنت ، نظم و ضبط اور بلند اخلاق کے ذریعے مضبوط بنانا ہے ۔ وہ چاہتے تھے کہ انسان اپنی صلاحیتو ں کو پہچانے ، اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے اور حالات کے سامنے مایوسی اختیار کرنے کے بجائے اپنی جدو جہد جاری رکھے ان کے نزدیک خود اعتمادی اور عمل کی قوت وہ بنیادی عناصر ہیں جن کے ذریعے فرد اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لا سکتا ہے۔ موجودہ دور میں جب نوجوان مختلف معاشی اورسماجی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں، اقبال کا یہ پیغام انہیں امید، حوصلے اور مستقل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دیتا ہے۔ علامہ ڈاکٹر محمد اقبال برصغیر کی ان جلیل القدر ہستیوں میں شامل ہیں جنہوں نے اس خطے کے مسلمانوںکو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کیلئے جداگانہ قومیت کا احساس اجاگر کیا اور الگ وطن کا شعور دیا۔ انہوںنے انگریز اور ہندو کی سیاسی اور اقتصادی غلامی میں جکڑے ہوئے مسلمانان ہند کی کسمپرسی اور کم مائیگی کا احساس کرتے ہوئے ان کیلئے ایک الگ خطہ ارضی کی ضرورت محسوس کی اور صر ف اس پر ہی اکتفا نہ کیا بلکہ اپنے خطبہ الہٰ آباد میں مسلمانو ں کی الگ مملکت کا پورا نقشہ پیش کر دیا۔ حکومت علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے افکار کو عام کرنے اور تعلیمات کو اجاگر کرنے کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے ۔جونوجوان نسل کیلئے مشعل راہ بھی ہیں اور ہم اپنی افکار پر عمل پیرا ہو کر پوری دنیا میں ارض پاک کا نام بلند کرنے میں کامیاب ہونگے، علامہ اقبال کی فکر کاایک اہم پہلو اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔ وہ مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بالا تر ہو کر مشترکہ مقاصد کیلئے کام کرنے کی تلقین کرتے رہے،ان کے نزدیک قوموں کی ترقی کا انحصار صرف وسائل پر نہیں بلکہ کردار، نظم و ضبط ، باہمی اعتماد اور اجتماعی شعور پر بھی ہوتا ہے۔پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ شہری اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کریں، قومی مفادات کو اہمیت دیں اور معاشرے میں برداشت احترام اور تعاون کے رویوں کو فروغ دیں۔اختلاف رائے کے باوجود باہمی احترام برقرار رکھنا ایک مضبوط اور متوازن معاشرے کی بنیادی ضرورت بھی ہے۔ اقبال کا پیغام محنت اور مسلسل جدوجہد کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ ان کے نزدیک حرکت، کوشش اور مقصد سے عبارت ہے۔ وہ مایوسی کے بجائے امید اور بے عملی کے بجائے عمل کا درس دیتے ہیں۔پاکستان کو معاشی ترقی، جدید ٹیکنالوجی، معیاری تعلیم اور عالمی سطح پر بہتر مقام حاصل کرنے کیلئے اسی جذبے کی ضرورت ہے، نوجوانوں کو تحقیق اور اختراع کی طرف راغب کرنا، خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا اور محنت کش طبقے کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا قومی ترقی کے اہم تقاضے ہیں۔ مجموعی طور پر علامہ اقبال کا یوم ولادت ہمیں اپنی فکر ی اور قومی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے۔ ان کی عظمت کا تقاضا صرف یہ نہیں کہ ہم ان کے اشعار پڑھیں اور تقریبات منعقد کریں بلکہ یہ بھی ہے کہ خودی، علم ،کردار ،اتحاد اور عمل کے ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں۔ اگر ہم علامہ اقبال کی فکر کو ان کے پیغام کو اپنی زندگیوں میں جگہ دیں۔ہم علامہ اقبال کی فکر کو قومی ترقی، تعلیمی اصلاحات، نوجوانوں کی تربیت اور معاشرتی بہتری کیلئے عملی رہنما اصول بنائیں تو ایک روشن مضبوط اور خود اعتماد پاکستان کی تشکیل میں نمایاں پیش رفت یقینی ہے۔ یہی شاعر مشرق کو حقیقی خراج عقیدت اور ان کے یوم ولادت کا سب سے با مقصدپیغام ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں