مبینہ پولیس مقابلہ،55سے زائد وارداتوں میں ملوث خطرناک ڈاکو ہلاک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی سی ڈی کیساتھ مبینہ پولیس مقابلہ میں 55 سے زائد وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا اہم رکن مارا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے فرار ہونے والے ڈاکوئوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی لائلپور ٹائون کے انچارج صدیق چیمہ کو اطلاع ملی تھی کہ مسلح ڈاکو 219 رب کے قریب واردات کر کے نکلے ہیں جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ راجباہ روڈ پر موٹرسائیکل سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی فاروق ناظر بھی نفری کے ہمراہ پہنچ گئے، فائرنگ کا سلسلہ بند ہونے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے بھاگ گئے۔ مضروب نے اپنا نام ابوبکر ولد نور حسین سکنہ وڈالہ سندھواں سیالکوٹ حال مقیم 209 رب بتایا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو ڈکیتی’ راہزنی’ ہائوس رابری اور موٹرسائیکل چھیننے کی 55 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈیافتہ اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا رہم رکن تھا۔ فیصل آباد سمیت نارووال’ گوجرانوالہ’ سیالکوٹ پولیس کو بھی مطلوب تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں