جھنگ(نامہ نگار) یونیورسٹی آف جھنگ میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بینکنگ سروسز کارپوریشن (SBP BSC)فیصل آباد کے زیرِ اہتمام اسلامی بینکاری کے فروغ اور اس کی اہمیت کے حوالے سے ایک خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں تعلیمی ماہرین، شریعہ اسکالرز اور بینکاری کے شعبے سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔سیمینار سے وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ، پروفیسر ڈاکٹر فہیم افتاب، شریعہ اسکالر مفتی عبدالبا سط ، ڈپٹی چیف منیجر احمد بلال عارف، سینئر آفیسر شعیب منیر، ڈاکٹر ثانیہ ظفر، ڈاکٹر محمد عرفان اور ڈاکٹر امجد الرحمن نے خطاب کیا۔مقررین نے اسلامی بینکاری کے بنیادی اصولوں، سود سے پاک مالیاتی نظام، شریعت کے مطابق بینکاری مصنوعات اور ملکی معیشت میں اسلامی مالیاتی نظام کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو اسلامی بینکاری کے جدید تقاضوں، اس کے معاشی و سماجی فوائد اور مستقبل میں اس شعبے میں روزگار کے مواقع سے بھی آگاہ کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ اسلامی بینکاری کا فروغ ایک شفاف، منصفانہ اور مستحکم مالیاتی نظام کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ سیمینار کا مقصد نوجوان نسل میں اسلامی مالیاتی نظام کے حوالے سے شعور اور آگاہی پیدا کرنا تھا۔




