لاہور(بیورو چیف)لاہور ہائیکورٹ نے اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے 2کروڑ 74لاکھ روپے کی یکطرفہ ڈگری کالعدم قرار دے دی۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ بھاری مالیت کے ضما نتی مچلکے جمع کروانے کیلئے مناسب اور موثر مہلت دینا ضروری ہے، دفاع کا حق مکمل طور پر ختم کرنے سے پہلے حالات اور مہلت کا جائزہ لیا جانا چاہیے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے محمد عرفان کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے درخواست گزار کا حق دفاع بحال کرتے ہوئے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔تحریری فیصلے کے مطابق ماتحت عدالت نے 2 کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کے برابر ضمانتی مچلکے جمع نہ کروانے پر درخواست گزار کا حق دفاع ختم کر دیا تھا۔ عدالت نے قرار دیا کہ دفاع کا حق ختم کرنے سے پہلے فریق کو مناسب وقت فراہم کرنا ضروری ہے۔ فیصلے کے مطابق ماتحت عدالت نے 2 کروڑ 74 لاکھ روپے کے قرض کی ادائیگی سے متعلق شواہد کا بھی تفصیلی جائزہ نہیں لیا۔درخواست گزار کے مطابق محمد اکرم نے 2024 میں 2 کروڑ 74 لاکھ روپے قرض لیا تھا۔، ریکارڈ کے مطابق محمد اکرم نے 2025 میں قرض کی ریکوری کیلئے سول کورٹ میں دعوی دائر کیا۔فیصلے کے مطابق محمد عرفان نے حق دفاع بحال کروانے کیلئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا، جس پر سیشن کورٹ نے دو مختلف تاریخوں پر 2 کروڑ 74 لاکھ روپے مالیت کے برابر ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تاہم درخواست گزار مقررہ تاریخوں کے اندر مچلکے جمع نہ کروا سکا۔




