دل ٹوٹنے سے عورت میں احساس کی قدر کم ہو جاتی ہے’ درفشاں

کراچی (شوبز نیوز) اداکارہ درفشاں سلیم نے درِ نجات میں زریاب کے پیچیدہ کردار پر خاموشی توڑ دی ہے۔نجی ٹی وی کے ڈرامہ سیریل درِ نجات کی اداکارہ درِفشاں سلیم نے زریاب کے جذباتی اور پیچیدہ کردار کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں درفشاں سلیم نے شہریار منور کے کردار ابوبکر کے ساتھ زریاب کے تعلق پر ناظرین کے ردعمل پر بات کی۔ انہوں نے زریاب کی جذباتی غیر یقینی کیفیت کا بھی ذکر کیا اور وضاحت کی کہ کسی کردار کو نبھانے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ اس کے ہر فیصلے کی تائید کی جائے۔اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اس کردار کی انسانی حقیقت نے خاص طور پر متاثر کیا کہ کس طرح دل ٹوٹنے کا عمل ایک عورت کی اپنی شناخت اور اپنی ذات کی قدر کے احساس کو متاثر کر سکتا ہے۔انہوں کہا کہ زریاب کے کردار میں مجھے اس انسانی حقیقت میں دلچسپی تھی کہ جب کوئی عورت کسی ایسے شخص کی وجہ سے اندر سے ٹوٹ جائے جسے وہ محبت کرتی ہو تو کیا ہوتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ وہ خود کو قصوروار ٹھہرانے لگے، اپنی قدر و قیمت کو فراموش کر بیٹھے یا یہ پہچاننے میں مشکل محسوس کرے کہ وہ اب کیسی انسان بن گئی ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ کہانی اس کی تکالیف کی حمایت کر رہی ہے بلکہ یہ محض ان تکالیف کو سمجھنے کی ایک کوشش ہو سکتی ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ ایک اداکار کی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ کسی کردار کو ایمانداری سے پیش کرے نہ کہ یہ طے کرے کہ ناظرین اس کردار کو کس نظر سے دیکھیں۔ میرے خیال میں اداکار کا کام ناظرین کو یہ بتانا نہیں ہے کہ انہیں کیا سوچنا چاہیے۔ اس کا کام تو کردار میں اتنی ایمانداری سے جان ڈالنا ہے کہ لوگ خود اس کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو جائیں۔درِ نجات کے حوالے سے ہونے والی گفتگو ڈرامے کی حدود سے باہر نکل گئی ہے جہاں ناظرین زریاب کے فیصلوں اور ابوبکر کے ساتھ اس کے تعلق کی نوعیت پر بحث کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں