فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے عوامی شکایات کا بروقت اور معیار کے مطابق ازالہ کرنے کی سختی سے تاکید کی اور واضح کیا ہے کہ پنجاب حکومت کے پلیٹ فارمز سے درج کرائی جانیوالی شکایات کا مناسب اور موزوں رپلائی جمع کروایا جائے جس کے لئے متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر خود ان امور کی نگرانی کریں۔ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت اور معیاری حل ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ایم ڈی واسانے مزید کہا کہ واسا کا فری ہیلپ لائن نمبر 1334 چوبیس گھنٹے فعال ہے اور شہری اس پر کسی بھی وقت اپنی شکایات کااندراج کروا سکتے ہیں تاہم اس کے علاوہ بھی صوبائی حکومت کے متعدد پلیٹ فارمز پر شہریوں کی شکایات کا اندراج کروایا جاتا ہے جس پر بھی عمل درآمد کرتے ہوئے شکایات کے ازالہ کیلئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شکایات کے ازالہ کے ساتھ ساتھ شکایت کنندہ کے ساتھ رابطہ کو بھی یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹرز شعیب رشید، شعیب ضیا، ڈائریکٹرز محمد اقبال ملک، نعمان نور، حسن مصطفی چیمہ، عمر افتخار، سجاد اللہ، مقبول احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہار الحسن بھی موجود تھے۔




