پاکستان کی معاشی ترقی’ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل اور کلیئرنس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں عالمی تجارت کا انحصار صرف اچھی مصنوعات کی تیاری اور مناسب قیمتوں پر نہیں بلکہ تیز رفتار ترسیل’ شفاف کسٹم کارروائیوں’ جدید ٹیکنالوجی اور موثر انتظامی نظام پر بھی ہے۔ جو ممالک اپنی بندرگاہوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہیں، وہ بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی تجارتی مسابقت بہتر بنانے میں کامیاب رہتے ہیں۔ پاکستان کے لیے بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی بندرگاہوں کی استعداد بڑھانے اور درآمدات وبرآمدات کے عمل کو آسان بنانے کے لیے جامع اقدامات کرے، پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے میں ایک اہم مقام رکھتا ہے۔ کراچی بندرگاہ’ پورٹ قاسم اور گوادر بندرگاہ ملکی تجارت کے فروغ’ علاقائی روابط اور مستقبل کی معاشی سرگرمیوں کے لیے خصوصی اہمیت کی حامل ہیں۔ ان بندرگاہوں کے ذریعے خام مال’ صنعتی مشینری’ زرعی مصنوعات’ ٹیکسٹائل’ خوراک اور دیگر اشیاء کی درآمد وبرآمد کی جاتی ہے۔ اگر ان مقامات پر سامان کی آمدورفت اور کلیئرنس کا عمل تیز’ شفاف اور کم خرچ بنایا جائے تو اس کے مثبت اثرات ملکی معیشت کے مختلف شعبوں پر مرتب ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل’ کلیئرنس اور دیگر متعلقہ امور کو جدید خطوط پر مرتب کیا جائے تاکہ کاروباری برادری کو سہولت فراہم ہو اور تجارتی سرگرمیوں میں تیزی آئے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز اپنی زیرصدارت ملک کی بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے امور پر اجلاس کے دوران دی جو وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کاروبار بڑھانے اور معاشی ترقی کے لیے ہماری بندرگاہوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ پاکستان کو خطے میں ایک اہم تجارتی اور ٹرانس شپمنٹ مرکز بنانے کے لیے بندرگاہوں کی استعدادکار میں اضافہ ناگزیر ہے۔ بندرگاہوں سے متعلق تمام ادارے باہمی اشتراک سے کام کریں اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کو ایک جدید مستحکم اور عالمی معیار کے مطابق مسابقتی ادارہ بنانے کے لیے جامع اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ پی این ایس سی کے بحری بیڑے میں اضافے کے لیے قابل عمل منصوبہ بندی کی جائے تاکہ ملکی درآمدات وبرآمدات کے لیے اپنی شپنگ سہولیات کو فروغ دیا جائے۔ بندرگاہوں پر سامان کی ترسیل اور کلیئرنس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے واضح اہداف مقرر کیے جائیں۔ متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے، کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جائے اور اصلاحات کے نتائج کو قابل پیمائش اشاریوں کے ذریعے جانچا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی’ شفاف’ انتظامی طریقہ کار’ مؤثر رابطہ کاری اور بہتر بنیادی ڈھانچے کو یکجا کر کے پاکستان اپنی بندرگاہوں کی استعداد میں اضافہ کر سکتا ہے۔ بلاشبہ بندرگاہوں کا مؤثر نظام ملکی معیشت کے لیے ایک مضبوط سہارا بن سکتا ہے۔ سامان کی بروقت کلیئرنس’ تجارتی اخراجات میں کمی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور پاکستان عالمی تجارت میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر سکے گا۔ اس لیے بندرگاہوں کی جدید کاری کو محض انتظامی اصلاح نہیں بلکہ معاشی ترقی’ برآمدات کے فروغ اور قومی خوشحالی کے ایک اہم منصوبے کے طور پر آگے بڑھانا چاہیے۔




