معاشی ترقی و خوشحالی کیلئے قابل تحسین اقدامات (اداریہ)

پاکستان قدرتی وسائل، با صلاحیت افرادی قوت، جغرافیائی اہمیت اور معاشی ترقی کے وسیع امکانات سے مالا مال ملک ہے، ان وسائل کو دانش مندانہ منصوبہ بندی ، جدید ٹیکنالوجی اور مسلسل محنت کے ذریعے بروئے کار لایا جائے تو ملک ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا یہ عزم کہ 2050ء تک پاکستان کو ایک بڑی معیشت بنایا جائے گا، قومی ترقی کے حوالے سے ایک اہم ہدف کی نشاندہی کرتا ہے ، اس مقصد کے حصول کیلئے معاشی استحکام، صنعتی ترقی ، سرمایہ کاری کے فروغ اور قدرتی وسائل سے بھر پور استفادہ کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔اسی تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں معدنی ذخائر موجود ہیں، جن میں تانبا، سونا، کوئلہ، نمک، کرومائٹ اور دیگر قیمتی معدنیات شامل ہیں۔ ان وسائل کو جدید سائنسی طریقوں سے دریافت کر کے قابل استعمال بنانا ملکی معیشت کیلئے نئے امکانات پیدا کر سکتا ہے۔معدنی شعبے کی ترقی سے نہ صرف قومی آمدن میں اضافہ ممکن ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، مقامی صنعتوں کو مضبوط بنانے اور برآمدات بڑھانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ ان قدرتی خزانوں کو قومی اثاثہ سمجھتے ہوئے شفاف موثر اور پائیدار حکمت عملی بنانے کا ہدف ایک طویل المدتی وژن کا تقاضا کرتا ہے، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، توانائی، تجارت اور معدنیات کے شعبے ایک دوسرے سے مربوط ہیں اور ان کی ترقی مجموعی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے خام معدنیات بیرون ملک بھیجنے کی روایت ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی ڈائون اسٹریم صنعتوں کو مضبوط بنا کر ویلیو ایڈیشن کی جانب پیش رفت کرنا ہو گی۔پاکستان کے قیمتی معدنی وسائل کو خام شکل میں بیرون ملک بھیجنے کا باب ہمیشہ بند ہونا چاہیے۔ انہو ں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کے معدنی وسائل کو پاکستان کے اندر ہی مکمل طور پر بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں پرزور دیا کہ وہ اپنی سرمایہ کاری کو صرف معدنیات نکالنے تک محدود رکھنے کے بجائے پاکستان میں معدنی پراسیسنگ اور مینو فیکچرنگ کی سہولیات قائم کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوڈک اور ٹیتھیان کاپر بیلٹ کے دیگر منصوبوں کو ریفائنریوں ، سیمنٹ پلانٹس اورکیبلز و کنڈکٹرز کی تیاری کی صنعتوں کے قیام میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ معدنیات دنیا بھر میں برآمد کرنے سے قبل پاکستان میں کان کنی، پراسیسنگ اور مصنوعات تیار کریں۔وزیراعظم نے ریکوڈک کی ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا میں تانبے اورسونے کے سب سے بڑے غیر استعمال شدہ ذخائر میں سے ایک ہیں۔ جہاں2028ء میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے طریقہ کار کو آسان بنانے ، بیورو کریٹک رکاوٹوں کے خاتمے اور شفاف پالیسیوں کو یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مدنی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا لازم ہے، معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ بلا شبہ پاکستان کے پاس ترقی کیلئے وسائل بھی موجود ہیں۔ اور آگے بڑھانے کی صلاحیت بھی، اگر معدنی خزانوں کو قومی مفاد میں استعمال کیا جائے، سرمایہ کاروں کو محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے، مقامی صنعت کو فروغ دیا جائے اور عوام کو معاشی ترقی میں شریک بنایا جائے تو 2050تک ایک مضبوط اور بڑی معیشت بننے کی منزل کی جانب اہم پیشرفت ممکن ہے۔ قومی یکجہتی ، مسلسل محنت اور دور اندیش معاشی حکمت عملی کے ذریعے پاکستان اپنے وسائل کو خوشحالی، روزگار اور روشن مستقبل میںتبدیل کر سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں