ساہیوال (بیورو چیف) عارف والا روڈ اڈہ 100/9ـL سے چک نمبر 98/9ـL لکانوالہ جانے والی سڑک پر بھاری گاڑیوں کی غیر قانونی اور خطرناک آمدورفت نے شہریوں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔صبح کے اوقات میں جب معصوم بچے سکول جانے کے لیے گھروں سے نکلتے ہیں، ملازمین اپنی ڈیوٹی پر جاتے ہیں اور کاروباری شہری اپنی منزل کی طرف روانہ ہوتے ہیں، عین اسی وقت بھاری گاڑیاں دیہی آبادی کی اس سڑک پر داخل ہو کر ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیتی ہیں۔سب سے زیادہ تشویشناک صورتحال ہر منگل کے روز پیدا ہوتی ہے، جب جانوروں کی منڈی لگتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جانوروں سے لدی بڑی بڑی گاڑیاں مین روڈ سے گزرنے کے بجائے مبینہ طور پر ٹریفک پولیس کے چالان سے بچنے کے لیے گاؤں کے اندرونی راستے اختیار کرتی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر بھاری گاڑیوں کو گاؤں کی آبادی اور سکول کے بچوں کے درمیان سے گزرنے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے؟یہ کوئی عام ٹریفک مسئلہ نہیں بلکہ انسانی جانوں کی حفاظت کا معاملہ ہے۔ تنگ دیہی سڑک پر جانوروں سے لدی بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کسی بھی وقت بڑے جانی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ اگر خدانخواستہ کوئی سکول کا بچہ یا موٹر سائیکل سوار ان گاڑیوں کی زد میں آگیا تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا؟ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو سے فوری کاروائی کامطالبہ۔




