ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات کی فراہمی، پارکوں کی بحالی، شہر کی خوبصورتی اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے ٹیکو پارک، ہاوسنگ کالونی پارک، ٹوبہ جھنگ روڈ کی دو رویہ تعمیر اور شہباز چوک کی خوبصورتی کے منصوبوں کا دورہ کرکے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ٹیکو پارک کے دورے کے موقع پر چیف آفیسر ضلع کونسل انور بیگ سیال نے ڈپٹی کمشنر کو جاری ترقیاتی و تزئین و آرائش کے کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ پارک میں جھولوں کی تنصیب، داخلی گیٹ اور باونڈری وال کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ بینچز کی تنصیب، گھاس اور پودے لگانے کا کام جاری ہے۔ جھیل کے گرد حفاظتی گرِل لگانے کا کام بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ہاوسنگ کالونی پارک کا دورہ کیا، جہاں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان نے پارک کی بحالی اور تزئین و آرائش کے انتظامات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پارک کی بہتری کے لیے مقامی کمیونٹی کو بھی شامل کیا جائے اور مناسب لائٹنگ، گھاس اور مزید پودوں کی تنصیب یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت پارک میں صفائی کے موثر انتظامات اور مستقل بنیادوں پر صفائی برقرار رکھنے پر بھی زور دیا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ٹوبہ جھنگ روڈ کی دو رویہ تعمیر کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسیئن ہائی وے نے منصوبے پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے اور دورانِ تعمیر شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے تمام ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔




