ساہیوال (بیورو چیف) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عدنان رشید نے کہا ہے کہ گندم ملکی غذائی ضروریات کی تکمیل میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے جس کی کامیاب کاشت کا انحصار کسان کی محنت اور اسے بروقت زرعی سہولیات کی فراہمی پر ہے۔ گندم کی کاشت کے مقررہ اہداف کا حصول اور کاشتکاروں کو درپیش مسائل کا بروقت حل نہ صرف ملکی غذائی تحفظ بلکہ زرعی شعبے کی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے اور اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی کمیٹی برائے گندم کاشت کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید، ایکسین انہار حافظ محمد طلحہ، ایس ڈی ای او پیرا مہر محمد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد اسلم، ترقی پسند کاشتکار ڈاکٹر مجتبیٰ جمال، کسان نمائندوں، کھاد ڈیلرز اور فرٹیلائزر کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر طاہر جاوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع بھر میں گندم کی کاشت کا ہدف 3 لاکھ 9 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک 2 لاکھ 54 ہزار 410 ایکڑ رقبے پر کاشت مکمل ہو چکی ہے اور تقریباً 82 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گندم کی کاشت نومبر کے آخری ہفتے تک جاری رہے گی اور باقی ہدف بھی مقررہ مدت میں حاصل کر لیا جائے گا۔ایکسین انہار حافظ محمد طلحہ نے بتایا کہ ضلع بھر کی 90 نہریں پانی سے لبریز ہیں اور ٹیل تک پانی کی فراہمی جاری ہے۔ اجلاس میں کھادوں کے اسٹاک اور مقررہ نرخوں پر دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا۔




