فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) معاشی حالات سے دل برداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی’ سفاک افراد نے نوجوان کو قتل کر کے نعش کھالے میں پھینک دی’ مرادآباد میں غیرقانونی مذبح خانہ سے 150کلو ناقص’ مضرصحت گوشت برآمد’ چالاک ملزمان کا چھ شہریوں کیساتھ 2کروڑ کا فراڈ’ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق سمندری کے رہائشی 27سالہ فیضان ولد لیاقت کچھ عرصہ سے معاشی حالات سے تنگ تھا جس کے باعث گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز دوبارہ جھگڑا ہونے پر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ لنڈیانوالہ کے علاقہ 147 گ ب میں نامعلوم افراد نے نوجوان کو قتل کر کے نعش کھال میں پھینک دی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر شناخت نہ ہونے پر ہسپتال منتقل کر دی۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے فوڈ سیفٹی آفیسر سجاد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ 100 ج ب مرادآباد میں غیر قانونی مذبح خانہ پر چھاپہ مار کر مالک زاہد ولد دلاور کو قابو کر لیا اور فریزر میں رکھا گیا 150 کلو مضرصحت’ بدبودار گوشت تحویل میں لیکر تلف کر دیا۔ علاوہ ازیں سول لائن پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے ارجمند نے بتایا کہ ملزم تنویر نے کاروبار کیلئے 40لاکھ’ کارخانہ بازار کے تاجر اصغر علی سے ملزم اعجاز نے 32لاکھ کا مال لے اُڑا’ کینال روڈ کے ارسلان سے ملزم ضیغم نے 25لاکھ’ ریلبازار کے ثاقب سے ملزم اکبر نے 21لاکھ’ مکوآنہ کے علی رضا سے ملزم مون نے 59لاکھ ہڑپ کر لیے’ جناح کالونی کے حبیب سے ملزم رضوان نے 12لاکھ ادھار لیکر بدلے میں چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک کے تین المناک حادثات میں 3افراد جاں بحق’ ماں بیٹا سمیت6افراد بری طرح زخمی ہو گئے’ ریسکیو 1122 ٹیموں نے نعشیں پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 648 گ ب کے رہائشی دو بھائی 19سالہ زین ولد اشفاق اپنے 15سالہ بھائی علی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شہر آ رہے تھے جب وہ جڑانوالہ کھرڑیانوالہ روڈ پر 61 چک کے قریب پہنچے تو تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو 15سالہ علی ولد اشفاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ دوسرا حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ موٹروے ایم فور پر 144 رب کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار کاریں ٹکرا گئیں، دونوں کاروں کے فرنٹ حصہ بری طرح تباہ ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 موقع پر پہنچی تو منڈی بہائو الدین کا رہائشی 44سالہ نصیر احمد ولد بشیر احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا جبکہ اس کا ساتھی احمد کو معمولی زخم آئے جبکہ دوسری کار میں سوار سرگودھا کے رہائشی نواز اسکی اہلیہ 35سالہ مہوش اور 10سالہ بیٹا ارحم بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیم نے نعش پولیس کے حوالے کر کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں تیسرا حادثہ شیخوپورہ روڈ پر 197 رب باگیوال کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار موٹرسائیکلیں ٹکرانے سے مانانوالہ کا 35سالہ محمد حسین ولد محمد قاسم لقمہ اجل بن گیا جبکہ دوسرا موٹرسائیکل سوار نعیم معمولی زخمی ہوا۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔




