جمدیاں سولاں دے منہ تکھے

آج کے بچے عقل کے کچے نہیں ہوتے بلکہ ان کی باتیں سن کر جوان بھی حیران رہ جاتے ہیں۔ ویسے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سیانوں نے تو بہت پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جمدیاں سولاں دے منہ تکھے ہوندے نیں۔منہ تکھا بھی ایک خوب صورت ترکیب ہے، جو مختلف معانی و مطالب میں استعمال ہوتی ہے۔ زیادہ تر عیدالاضحی کے دنوں میں چھریوں کے منہ تکھے کروائے جاتے ہیں تاکہ یہ چھریاں چرچر چلیں اور جانوروں کی قربانی آسانی سے کی جا سکے۔ قربانی دینا کوئی آسان کام نہیں ہے۔ کسی چیز کو کسی دوسری چیز پر قربان کر دینا بذاتِ خود ایک بڑا عمل ہے۔ کیا انا کو ملکی مفاد پر قربان کیا جا سکتا ہے؟ کیا ذاتی مفاد کو اجتماعی مفاد پر قربان کیا جا سکتا ہے؟ اس طرح کی بے شمار چیزیں ہیں جنہیں مختلف مقاصد پر قربان کر دینا چاہیے۔چاہنے اور کرنے میں اتنا ہی فرق ہے جتنا جینے اور مرنے میں ہے۔ مرنے کی بابت کاش کوئی استثنیٰ مل جاتا، لیکن ایسا نہیں ہو سکا، کیونکہ خدا کے دربار میں ہر چیز مصلحت کا شکار نہیں ہوتی۔ تاہم، جو رب بھاوے سوئیو تھیسی، سوئی بات ہے چنگی۔ یہ بھی ایک فلسفہ ہے اور فلسفہ سمجھنے اور سمجھانے کے لیے عقل کا استعمال ضروری ہے۔ ہمارے ہاں عقل کے علاوہ تقریباً سبھی چیزیں استعمال ہو رہی ہیں، بلکہ سوشل میڈیا کے نزول کے بعد سب سے زیادہ زبان کا استعمال ہو رہا ہے، اور وہ بھی بغیر سوچے سمجھے۔یہ الگ بات ہے کہ زبان کے ایسے استعمال کے بعد کبھی کبھی یوٹرن لینا پڑتا ہے، جسے تھوک کر چاٹنا بھی کہا جاتا ہے۔ ہم نے تو آگاہی پیدا کرنے کے لیے بڑے بڑے پاپڑ بیلے ہیں۔ کاش ہم زیادہ سے زیادہ پاپڑ کھانے پر توجہ دیتے تو شاید ہمارا ہاضمہ خودبخود ٹھیک ہو جاتا اور ہم کھانے کے بعد مناسب وقت پر ڈکار بھی لے لیتے۔ ویسے تو ہم کھانے کے بعد ڈکار بھی نہیں لیتے۔بات آگاہی مہم کی ہو رہی تھی۔ اس سلسلے میں ہم نے بڑے بڑے اشتہارات لگوائے۔ مثال کے طور پر، فلاں فلاں جگہ پر تھوکنا منع ہے۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ اشتہار پڑھ کر ہمیں فوراً تھوکنے کا خیال آ جاتا ہے۔ کچھ ایسا ہی معاملہ پیشاب کرنے کا بھی ہے۔ ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق پیشاب روکنا انتہائی نقصان دہ ہے۔ بلکہ کہتے ہیں کہ حکیم لقمان نے تو فرمایا تھا کہ اگر پیشاب گھوڑے کی پیٹھ پر آ جائے تو انتظار کرنے کی ضرورت نہیں۔ہم ویسے بھی انتظار کرنے کے عادی نہیں ہیں۔ جو آئے، جب آئے، آن دیو کی پالیسی پر ہم مکمل طور پر گامزن ہیں اور مرد و زن، سب اس معاملے میں یکسو ہیں۔ تاہم، جب ٹھوکر لگتی ہے تو ہماری آنکھیں کھلتی ہیں۔ ہم بڑے ہی دلچسپ لوگ ہیں۔ ہماری آنکھیں کھلنے کی عمر بھی کم کم ہے۔ویسے ہماری یادداشت بھی کمزور ہے اور موسمی تغیرات کی بدولت تو یہ بدبخت یادداشت بالکل ہی جواب دے جاتی ہے۔ ہم آگے دوڑ، پیچھے چوڑ کے فلسفے پر پوری طرح عمل کرتے ہیں۔ ہم اس حقیقت سے بھی پوری طرح آگاہ ہیں کہ عمل سے زندگی بنتی ہے، جنت بھی جہنم بھی۔ اب تو مزید موج ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا کے دانشوروں نے جنت اور جہنم کو بھی خیالی ثابت کرنے کی حتی المقدور کوشش کی ہے۔ ان کا بھی کیا قصور ہے، ہم ویسے بھی خیالی پلائو پکانے کے ماہر ہیں۔ ہم بہت سی چیزوں کے ماہر ہیں، اس لیے جو چاہتے ہیں، کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ وقت کا خیال رکھنا بھی کوئی ضروری نہیں سمجھتے۔ ہم تبدیلی کے دعوے دار بھی ہیں، خواہاں بھی ہیں اور منتظر بھی۔ یہ ایک علیحدہ بحث ہے کہ ہم ایسا کیوں کرتے ہیں۔ اس خاص پیرائے میں سوچنے کے لیے ہمارے پاس وقت بھی نہیں ہے اور ہمیں ایسا کرنے کی کوئی ضرورت بھی محسوس نہیں ہوتی۔ ہم بے نیاز لوگ ہیں۔ ہماری صحت پر کسی چھوٹی موٹی چیز کا اثر بھی نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے محکمہ صحت کو اللہ کے حوالے کر دیا ہے تاکہ اب راج کرے گی خلقِ خدا۔بات تو بچوں سے شروع ہوئی تھی اور کہاں سے کہاں نکل گئی۔ اسے کہتے ہیں بچگانہ حرکت! کوئی بات نہیں، حرکت میں ہی تو برکت ہے۔ اب بچے ہی بولیں گے اور بولنے سے پہلے تولیں گے۔یاد آیا، بچہ جمہورا تو پہلے بھی بولتا تھا اور مزے کی بات یہ ہے کہ وہ جمہور کی بات کرتا تھا اور بار بار اس بات کا اعادہ کرتا تھا کہ جمہوریت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔تجدیدِ نو! تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے اور یہ دہرانے کا سلسلہ بھی لامتناہی ہوتا جا رہا ہے۔ ارتقا کا بھی ایک عمل ہے۔ بچے، جمہورے، جمہور کی آواز اور جمہوریت کی کہانی، اور وہ بھی ہماری زبانی! ان سارے معاملات کا بھی اپنا ارتقا ہے اور ارتقائی منازل طے کرنے میں وقت تو لگتا ہے۔پیوستہ رہ شجر سے، امیدِ بہار رکھ۔ہر بہار کے بعد خزاں کا ایک دور شروع ہوتا ہے۔ خزاں کو پت جھڑ کا موسم بھی کہتے ہیں اور ایسے موسم میں پتے جھڑتے ہیں۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے:کون بنتا ہے بے کسوں کا سہارا اے دوست پیڑ سوکھے ہوئے پتوں کو گرا دیتے ہیں۔موسم بدلتے ہیں اور ماحول بنایا جاتا ہے۔ پھر نئے سرے سے صف بندی ہوتی ہے، نئے نئے نعرے لگائے جاتے ہیں اور نئے انداز سے زور آزمائی کی جاتی ہے۔ آزمائش ایک مشکل کام ہے اور اس آزمائش میں مشکل سے آٹے میں نمک کے برابر بندگانِ خدا ہی بچ پاتے ہیں، لیکن جو بچ جاتے ہیں، وہ سرخرو ہو جاتے ہیں۔ ان کے تذکرے زمین پر بھی ہوتے ہیں اور آسمان پر بھی۔ یہ کام تو بہت اچھا ہے، لیکن اس کی تکمیل بہت کچھ تقاضا کرتی ہے اور تقاضے نبھانا بچوں کا کھیل نہیں ہے۔ جنہیں بچہ سمجھا جاتا ہے، وہ بعض اوقات استثنائی صورتِ حال میں سب کو چکر دے جاتے ہیں اور بڑے بوڑھے یہ کہہ کر گمنامی میں چلے جانے کو ترجیح دیتے ہیں کہ اب پچھتائے کیا ہوت، جب چڑیاں چگ گئیں کھیت۔آج کے بچوں کو کبھی بھی انڈر اسٹیمیٹ نہیں کرنا چاہیے۔ اسی لیے، جیسا کہ مذکورہ سطور میں یہ حقیقت واضح کر دی گئی ہے کہ جمدیاں سولاں دے منہ تکھے ہوندے نیں۔ ہشیار باش، بلکہ خوش باش، تاکہ لوگوں کی توجہ میں تھوڑی بہت مزید تبدیلی آ سکے۔ مفادات کی دنیا میں منہ ملاحظہ نہیں کیا جاتا۔ سب کو اپنی اپنی پڑی ہوتی ہے اور سب ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔ بلھے شاہ کے بقول، بازی لینے کے لیے راتوں کو جاگنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے اکثر کتے بازی لے جاتے ہیں، جبکہ بھونکنا کتوں کا کام ہے۔ خیر، سارے کتے بھونکتے نہیں ہیں۔ کچھ تو چپ چاپ اپنا کام کر جاتے ہیں اور پھر دیکھنے والے ہاتھ لگا لگا کر دیکھتے رہ جاتے ہیں۔آج کی معرکہ آرائی، خودنمائی، طبع آزمائی، جگ ہنسائی، بے وفائی اور دہائی ہے، دہائی! اس سارے منظرنامے میں کچھ بھی نہ کہا اور بہت کچھ کہہ بھی گئے۔ سننے والے بھی چپ چاپ ہیں اور حالات کا اچھی طرح جائزہ لے رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حالات جوں کے توں رہنا پسند کرتے ہیں یا پھر وہ بھی پلٹا کھانا چاہتے ہیں۔ یہ سب دیکھنا پڑے گا، اور وہ بھی غور سے!

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں