فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت نے 6اضلاع میں سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر سنٹرز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، فیصل آباد، بہاولپور ،سرگودھا، گوجرانوالہ، ساہیوال اور راولپنڈی میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹرز بنائے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ میں وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس ہوا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید بھی اجلاس میں شریک ہوئے، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ عظمت محمود نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔تمام 6 کینسر سینٹرز میں بریکی تھراپی اور میموگرافی کی سہولت فراہم کی جائے گی،ان کینسر سنٹرز کے ذریعے کینسر کے مریضوں کو کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی اور سرجری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔خواجہ سلمان رفیق کاکہناتھا کہ پنجاب کے مختلف 6 شہروں میں کینسر سنٹرز میں مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔




