ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی بہتری، مریضوں کو معیاری علاج کی فراہمی اور صحت عامہ کے نظام کی موثر نگرانی کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقداما ت جاری ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں میں طبی سہولیات، انتظامی امور اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے او پی ڈی، پرچہ کاونٹر، مختلف وارڈز اور لیبارٹری کا معائنہ کیا اور مریضوں کو دستیاب طبی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے آکسیجن پلانٹ اور ہسپتال میں طبی فضلے کی محفوظ تلفی کے نظام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ انتظامات کے بارے میں بریفنگ حاصل کی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے علاج معالجے، ادویات کی دستیابی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے اور ادویات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور تمام طبی سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر شہاب عالم نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال کے مختلف شعبوں، طبی سہولیات، دستیاب وسائل اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے بیرونی حصے کا بھی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، گھاس اور پودوں کی تراش خراش سمیت سبزہ زاروں کی مناسب دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں صفائی ستھرائی، طبی فضلے کی محفوظ تلفی اور ماحول کو صاف ستھرا اور خوشگوار رکھنے کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ مریضوں کو علاج معالجے اور ادویات کی دستیابی میں کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طبی سہولیات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مریضوں کو بہترین علاج کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔




