14

FBRکے اختیارات محدود،نیا ٹیکس پالیسی آفس قائم کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان کی وزارت خزانہ نے ٹیکس پالیسی سے متعلق ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کے اختیارات محدود کرنے اور ایک نیا ٹیکس پالیسی آفس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نئے ٹیکس پالیسی آفس (ٹی پی او)کی اہم ذمہ داریوں میں ٹیکس کے متعلق نئی قانون سازی اور ترامیم کی حکمت عملی مرتب کرنا شامل ہے۔ اس کے علاوہ ٹی پی او ٹیکس محصولات اور معیشت پر اثرات کی جانچ کرنے کے لیے جدید ڈیٹا ماڈلنگ تکنیک استعمال کرے گا، اور پاکستان کے بین الاقوامی ٹیکس معاہدوں اور ذمہ داریوں کا بھی جائزہ لے گا۔ٹیکس پالیسی آفس کا ایک اور اہم کام ٹیکس سے متعلق بجٹ تجاویز کی تیاری اور ان پر حکمت عملی مرتب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد تمام تجاویز وزیر خزانہ و ریونیو کو رپورٹ کی صورت میں پیش کی جائیں گی۔حکومت کا مقصد ایف بی آر کی تمام تر توجہ ٹیکس کولیکشن پر مرکوز کروانا ہے تاکہ ٹیکس پالیسی اور کولیکشن کے عمل میں بہتر تعاون اور کارکردگی ہو سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بجٹ کی تیاری کے عمل کو مزید موثر اور شفاف بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں