فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن کی صبوں کو منتقل نہ کرنے کے بارے میں ترمیم بہت جلد اسمبلی سے منظور ہو جائیگی جسکے بعد یہ ایکٹ بن جائیگا۔ یہ بات ای او بی آئی کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید احمد شیخ نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے بتایا کہ اس ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کر دی گئی ہے جسکے بعد کنٹری بیوشن کی ادائیگی کے ساتھ ہی متعلقہ ورکر کو EOBIکا کارڈ مل جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس 37,500 پنشن کے کیس موصول ہوئے جن میں سے 36,500 کا فیصلہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے آڈٹ کیسوں کے حوالے سے بتایا کہ دوسرے ادار ے کم از کم 10فیصد کیسوں کا آڈٹ کرتے ہیں جبکہ ای او بی آئی صرف 3سے 4فیصد کیسوں کا آڈٹ کر رہا ہے۔




