فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیرِ کنٹرول رہائشی کالونیوں میں جائیدادوں کی غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیموں کو فیلڈ میں مزید متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ رہائشی جائیدادوں کو بغیر منظوری کاروباری مقاصد کے لیے استعمال کرنے والوں کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے دائرے میں لایا جا سکے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے عمل کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ اس ضمن میں ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ون افنان سعید سندھو نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف رہائشی کالونیوں کا دورہ کیا اور متعدد جائیدادوں کی کمرشلائزیشن سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ راحیل ظفر اور عملہ کے دیگر ارکان ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ ون کی انسپیکشن کے دوران نقشہ جات اور ریکارڈ کی مدد سے ملے ٹائون میں دو رہائشی پلاٹس کا سراغ لگا لیا گیا جنہیں بغیر منظوری کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ مذکورہ جائیدادوں کے مالکان کو ایف ڈی اے کی جانب سے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر کمرشلائزیشن کی باقاعدہ منظوری حاصل کریں اور مقررہ واجبات جمع کرائیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی کمرشلائزیشن سے اجتناب کیا جائے اور واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی جاری رکھنے کی صورت میں بھاری جرمانے، جائیدادوں کو سر بمہر اور غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے کے علاوہ مزید سنگین خلاف ورزیوں پر فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔




