لاہور (سپورٹس نیوز) پی سی بی نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کردیا، منیبہ علی کپتان اور عائشہ ظفر نائب کپتان ہوں گی۔ ایشین گیمز میں برونز میڈل جیتنے والی ٹیم کی 12 کھلاڑی سکواڈ میں برقرار رکھی گئیں، ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن، ام ہانی، وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب بھی سکواڈ میں شامل ہیں۔ دس ٹیموں کا ٹورنامنٹ 12 سے 25 نومبر تک عجمان، متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، پاکستان گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ شامل ہے، جبکہ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، پاپوا نیو گنی اور یو اے ای کی ٹیمیں ہیں۔ گروپ مرحلے میں ہر ٹیم چار میچز کھیلے گی، ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی اور تین، تین میچز کھیلیں گی، سپر سکس کی ٹاپ دو ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل کھیلیں گی، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 7سے9 نومبر تک لاہور میں ہوگا۔




