لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایک ادارے کے ساتھ کرکٹرز کے لیے تعلیمی سکالرشپ کا معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت کرکٹ کے ساتھ تعلیم بھی جاری رکھنے والے نوجوان کرکٹرز کو تعلیمی سکالرشپ ملیں گی۔لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط کی تقریب ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تھے۔ اس موقع پر پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی اور جی ایم ڈومیسٹک جنید ضیا بھی موجود تھے۔پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور تعلیمی ادارے کے چیف ایگزیکٹو قاسم قصوری نے معاہدے پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت ملک کے 16 ریجنز سے تعلق رکھنے والے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کیٹیگریز کے 120 نمایاں کھلاڑیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔نوجوان کرکٹرز کے لیے تعلیمی وظائف کا معاہدہ 3 برس تک نافذ العمل رہے گا۔




