اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کمرشل بینکوں سے بیرونی مالیاتی ضروریات پوری کرنے کے لیے 35 کروڑ ڈالر تک کے قرضے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق پیش رفت سے آگاہ بینکنگ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ان بینکوں سے پاکستان کے قرضے دوبارہ شروع کرنے کیلئے بات چیت کر رہے ہیں، اور قرضے کی حتمی منظوری بہت جلد متوقع ہے۔ مو جو د ہ مالی سال کی پہلی 3 سہ ماہیوں میں حکومت کو غیر ملکی قرض دہندگان (جن میں زیادہ تر اماراتی بینک شامل ہیں) سے تقریبا 50 کروڑ 40 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، جو پچھلے سال پاکستان کی مالی اعانت سے دور رہنے والے تجارتی بینکوں کی جانب سے معمولی بحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔حکومت نے اس مالی سال کے لیے غیر ملکی بینکوں سے 3.8 ارب ڈالر کی مالی اعانت کا ہدف مقرر کیا ہے، تاہم پہلے 9 ماہ میں اصل وصولی سست رہی ہے۔حکومت نے مالی سال 2025 کے لیے ایک ارب ڈالر کے بین الاقوامی بانڈز کے اجرا کا بھی ہدف رکھا ہے، اس کے علاوہ، دو طرفہ شراکت داروں (چین اور سعودی عرب) سے 9 ارب ڈالر کی آمد کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ان تخمینوں میں سعودی عرب سے 5ارب ڈالر کا ٹائم ڈپازٹ اور چین سے 4ارب ڈالر کا سیف ڈپازٹ شامل ہے، یہ تخمینے پاکستان کے لیے بیرونی مالیاتی خسارہ پورا کرنے میں اہم ہیں، جو کہ آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہیں۔وزارت خزانہ نے بتایا کہ اس نے پاکستان کے ترقیاتی اور مالیاتی اہداف کے لیے تعاون کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کے 3بینکوں شارجہ اسلامک بینک، ابوظبی اسلامک بینک اور عجمان بینک کے ساتھ ورچوئل ملاقاتیں کی ہیں۔
