خصوصی بچوں کو مزید تعلیمی وسائل فراہم کرینگے،مریم نواز

لاہور(بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بریل سسٹم بصارت سے محروم افراد کے لیے علم و شعور کی روشنی فراہم کرنے کامثر ذریعہ ہے۔بصارت سے محروم سپیشل ہیروز کے لئے مخصوص ورلڈ بریل ڈے پر خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بریل پریس کام کررہے ہیں، بریل پریس کی اپ گریڈیشن سے خصوصی افراد کو عالمی معیار کا تعلیمی مواد مہیا کرنا ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور اور بہاولپور کے بریل پرنٹنگ پریس کے ذریعے صوبہ بھر میں سرکاری و نجی اداروں کو مفت کتابیں مہیا کی جا رہی ہیں، رواں سال پنجاب بھر میں 3ہزار سے زائد خصوصی بچوں کو انرول کیا گیا، بصارت سے محروم طلبہ کو 15ہزار سے زائد بریل بکس فراہم کی جا چکی ہیں ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ خصوصی طلبہ کو قرآن پاک بھی بریل میں مہیا کیا جارہا ہے، خصوصی طلبہ کی تعلیمی ضروریات کے پیش نظر معاون آلات فراہم کیے جا رہے ہیں ، خصوصی افراد کو تعلیمی ضروریات پوری کرنے کیلئے مزید وسائل فراہم کریں گے،محکمہ سپیشل ایجوکیشن کو بنیادی اصلاحات کر کے جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی تعلیم کے اداروں کو سہولتوں کی کمی پوری کرکے اپ گریڈ کررہے ہیں ، خصوصی افراد کے معاشی مسائل میں کمی لانے کیلئے ہمت کارڈ کے ذریعے مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، سماعت سے محروم بچوں کو سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کے لیے معاون آلات فراہم کیے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پہلے آٹزم سکول پر کام تیزی سے جاری ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا، سپیشل ہیروز کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور خودمختار ی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں، کوئی بھی بچہ، خواہ وہ کسی بھی معذوری کا شکار ہو، کسی بھی بنیادی حق سے محروم نہیں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں