12

خیبرپختونخوا کے مسائل کا حل’ وقت کا اہم ترین تقاضا (اداریہ)

خیبرپختونخوا کی صوتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ قومی اتفاق رائے سے اس کا حل تلاش کیا جائے، دہشت گردی کے عفریت کو کچلنا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے اور باہم مشوروں سے قومی امنگوں کے مطابق اس کا خاتمہ کرنا اشد ضروری ہے، ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں 6پولیس اہلکار اور امام مسجد شہید ہو گئے، آپریشن کے دوران 5دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیئے،دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی، پولیس اہلکاروں نے بھارتی حمایت یافتہ تین خوراج کو ہلاک کر دیا، دیگر دہشت گردوں کو عمارت میں گھیر کر سکیورٹی فورسز نے ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران انجام تک پہنچایا، سکیورٹی فورسز اور پولیس نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سکول پر حملہ ناکام بناتے ہوئے آپریشن مکمل کر لیا، علاقے میں ممکنہ خوراج کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ اس گھنائونے اور بزدلانہ حملے کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، صدر مملکت آصف علی زرداری’ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس تربیتی مرکز پر فتنہ الخوراج کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، پولیس نے دلیری کے ساتھ خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور ان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات پیش آنا لمحہ فکریہ ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لیے تمام ذرائع بروئے کار لائے جائیں، سکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں نے دہشت گردوں کا ہمیشہ جوانمردی سے مقابلہ کر کے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا ہے، اس بات پر بھی غور کرنا چاہیے کہ خیبرپختونخوا کے سیاسی ماحول میں مسلسل تنائو نظر آ رہا ہے، صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان سیاست’ اختیارات اور مالی وسائل کے معاملات پر کشیدگی سے پیدا ہونے والا سیاسی بحران حل کرنے کیلئے جمہوری قدروں کی پاسداری کرتے ہوئے ایسے فیصلے کرنے چاہیے جن سے حکومت اور اپوزیشن میں افہام وتفہیم کی فضاء پیدا ہو سکے، وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی قوتیں اپنی انا اور اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی مفادات اور سلامتی کے تقاضوں کو اولین ترجیح بنائیں، حکومت’ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلے اور اپوزیشن بھی ریاست کی مضبوط عملداری اور امن کے تسلسل کے لیے حکومت کا ساتھ دے، خیبرپختونخوا کے مسائل کا حل وقت کا اہم ترین تقاضا ہے، حکومت اور اپوزیشن کو اس سلسلے میں کمربستہ ہونا چاہیے، یقینی طور پر اس سے ملک کو امن وامان کا گہوارہ بنانے میں بڑی مدد ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں