کراچی(بیوروچیف) پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی آج 97ویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ذو الفقار علی بھٹو5جنوری 1928کو لاڑکانہ میں پیدا ہوئے، انہوں نے برکلے یونیورسٹی کیلیفورنیا سے سیاسیات میں گریجوایشن اور آکسفورڈ یونیورسٹی سے اصول قانون میں ماسٹرزکیا، بھٹو پہلے ایشیائی شخصیت تھے جنھیں انگلستان کی یونیورسٹی ساتھ ہیمپٹن میں بین الاقوامی قانون کا استاد مقرر کیا گیا۔وہ مسلم لا کالج کراچی میں دستوری قانون کے لیکچرار بھی رہے اور1953میں سندھ ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔1967میں بھٹو نے پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی اور روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لگایا، ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو 1973 کا آئین دیا اوراس کے نفاذ کے بعدملک کے وزیرِ اعظم بنے، انہوں نے پاکستان میں اسلامی سربراہی کانفرنس کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ذوالفقار علی بھٹواپنے منفرد انداز، سیاسی تدبر اور فکر انگیز گفتگو کے باعث ملکی تاریخ میں اہم مقام رکھتے ہیں، 4اپریل 1979کو عدالتی حکم پربھٹو کو پھانسی دے دی گئی۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں پہلا متفقہ طور پر منظور شدہ 1973کا آئین دیا، وہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار تھے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 97ویں یوم پیدائش کیموقع پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ بھٹو شہید نے پارلیمانی، جمہوری اور وفاقی طرز حکومت کی بنیاد رکھی۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارا ایٹمی پروگرام ہماری خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ میں کلیدی حیثیت کا حامل ہے، شہید بھٹو نے صنعتی اور تکنیکی شعبے کو ترقی دی۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے 1974میں پاکستان نے اسلامی سربراہی کانفرنس کی میزبانی کی۔شہید بھٹو کی کوششوں نے اسلامی دنیا میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو تقویت بخشی، زرعی اصلاحات اور محنت کشوں کی ترقی کے لیے اقدامات نے لاکھوں زندگیاں بدل دیں۔صدر مملکت نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جمہوریت کے داعی تھے، آمریت اور جبر کے خلاف ثابت قدم رہے، انہوں نے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کے بجائے پھانسی کے پھندے کا سامنا کیا۔صدر زرداری نے کہا کہ آئیے جمہوریت اور سماجی و اقتصادی انصاف کے شہید بھٹو کے نظریات کے لیے اپنے عزم کی تجدید کریں، ترقی پسند، خودمختار اور جامع پاکستان کا شہید بھٹو کا خواب آج پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔صدر پاکستان نے کہا کہ آئیے پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے مل کر کام کریں۔




