فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں شوگر مافیا بے لگام، حکومت کی طرف سے طے کردہ چینی کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ’ شوگر مافیا نے حکومتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا’ ضلعی حکومت چینی کے نرخوں پر قابو پانے میں ناکام ہو گئی، آئے روز چینی کی قیمتوں میں اضافہ پر شہری پریشان۔ تفصیل کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی وزیراعظم پاکستان اسحاق ڈار نے پنجاب میں چینی کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے شوگر مل مافیا سے میٹنگ کر کے طے پایا تھا کہ شوگر مل مالکان چینی کی قیمتیں مل ریٹ 159 روپے فی کلو اور مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164روپے سے تجاوز نہ کرے اور اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اسسٹنٹ کیپٹن کمشنر ایڈمن کی طرف سے فیصل آباد سمیت پنجاب کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ میں کہا گیا تھا کہ وہ پنجاب بھر میں مل ریٹ پر چینی 159 روپے فی کلو اور مارکیٹ میں 164روپے فی کلو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ تاہم حکومتی احکامات کے برعکس شہر بھر میں چینی اوپن مارکیٹ میں 170روپے سے 175روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ شہری مہنگے داموں چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف’ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ پاک بھارت جنگ کے بعد شوگر مافیا کو لگام ڈالنے کیلئے موثر اقدامات کرے اور شہریوں کو حکومت کے طے کردہ نرخوں پر چینی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
