کراچی ( بیو رو چیف )پاکستان کی کم عمر کھلاڑی فاطمہ نسیم نے ایک بار پھر ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کر دیا۔ محض 12سالہ فاطمہ نسیم نے انگلینڈ سے تعلق رکھنے والی دنیا کی سب سے زیادہ لچکدار لڑکی لبرٹی باروس کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے فاطمہ نسیم کی کامیابی کی باضا بطہ تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کر دیا۔ یہ فاطمہ کا ساتواں عالمی ریکارڈ ہے۔فاطمہ نے ایک منٹ میں 47مرتبہ اسٹریچنگ کا مظاہرہ کرکے لبرٹی باروس کا 42اسٹریچز کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا۔برطانیہ کی لبرٹی باروس اپنی غیر معمولی لچک کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں اور وہ امریکاز گٹ ٹیلنٹ، اسپین گٹ ٹیلنٹ، اور برٹش گٹ ٹیلنٹ جیسے کئی بین الاقوامی شوز میں پرفارم کر چکی ہیں۔ ان کے یوٹیوب پر 6ملین سے زائد سبسکرائبرز ہیں۔فاطمہ نسیم، پاکستان کے لیے سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے راشد نسیم کی صاحبزادی ہیں۔ ریکارڈ قائم کرنے کے بعد فاطمہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی مشہور ترین ایتھلیٹ کا ریکارڈ توڑنا میرے لیے بہت مشکل تھا، مگر میں نے سخت محنت کی اور یہ اعزاز پاکستان کے نام کیا۔




