بجلی کے بلز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے سبسڈی کیسے حاصل کریں،طریقہ جانیے

اسلام آباد (بیوروچیف) حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اصل حق دار صارفین کے لیے سبسڈی کا نیا طریقہ وضع کیا گیا ہے، جس میں بل پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ریلیف حاصل کیا جا سکتا ہے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے 200یونٹ تک بجلی استعمال کرنیوالے صارفین کے لیے بلوں پر کیو آر کوڈ متعارف کروا کر سبسڈی کے حصول کا عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے۔حکومتِ پنجاب نے وفاقی سطح پر جاری کراس سبسڈی پروگرام 2026 کو موثر بنانے کے لیے بجلی کے بلوں پر کیو آر کوڈ پرنٹ کرنا شروع کیے ہیں۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد سبسڈی کے نظام میں شفافیت لانا ہے تاکہ غلط فائدہ اٹھانے والوں کے بجائے ریلیف صرف اصل حق دار اور کم آمدن والے خاندانوں تک پہنچ سکے۔پاور ڈویژن کے حکام نے بیان میں کہا ہے کہ اس نئی مہم سے ایک ہی گھر میں متعدد میٹرز کے ذریعے سبسڈی لینے کے رجحان کی حوصلہ شکنی ہوگی۔یہ سہولت بنیادی طور پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور ماہانہ 200یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کے لیے ہے۔رجسٹریشن کے عمل کو آسان بناتے ہوئے حکومت نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بل پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کر کے آفیشل پورٹل پر جائیں۔اس پورٹل پر 14ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ درج کرنے کے بعد ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیقی عمل فوری مکمل کیا جا سکتا ہے۔جن شہریوں کے پاس اسمارٹ فون کی سہولت نہیں یا وہ ٹیکنالوجی سے نابلد ہیں، ان کی معاونت کے لیے ضلعی انتظامیہ اور یونین کونسل کی سطح پر خصوصی ڈیجیٹل ڈیسک اور ہیلپ کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بل پر موجود نام اور شناختی کارڈ کی تفصیلات میں مماثلت کو یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں