گلگت بلتستان 25بہترین سیاحتی مقامات میں شامل

گلگت (نامہ نگار) گلگت بلتستان (جی بی) کو دنیا کے25بہترین سیاحتی مقامات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق، گلگت بلتستان2025ء میں سیاحت کے لیے ضرور دیکھنے والی جگہوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔گلگت بلتستان اپنی دلکش وادیوں اور بلند پہاڑوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہ خطہ ہر سال ہزاروں ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور کوہ پیمائوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔سیاح یہاں پہاڑوں پر چڑھنے، پیرا گلائیڈنگ، اور ٹریکنگ جیسی سرگرمیوں کا لطف اٹھاتے ہیں۔گلگت بلتستان کی کشش کو اجاگر کرتے ہوئے کہا: “کاراکورم پہاڑوں میں واقع گلگت بلتستان پہنچنا آسان نہیں فلائٹ شیڈولز غیر یقینی ہو سکتے ہیں اور سیزن کے دوران سڑکیں بند ہو سکتی ہیں لیکن اس خطے کے بلند پہاڑ کسی بھی قدرتی نظارے کے لیے بہترین ہیں۔گلگت بلتستان میں ہمالیہ کے پہاڑوں کی سیر سنٹرل پارک میں گھومنے جیسی ہے، گلگت بلتستان کے پہاڑوں کو دیکھ کر لیمن کیک کا گمان ہوتا ہے، کئی عالمی ٹریول کمپنیاں گلگت بلتستان کی سیر کرواتی ہیں، عالمی سیاحتی کمپنیاں گلگت بلتستان کو لٹل تبت کا نام دیتی ہیں، دنیا کی 14بلند ترین چوٹیوں میں سے 5گلگت بلتستان میں واقع ہیں جس میں K2بھی شامل ہے ، K2، جو دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے، اپنی مشکل اور خطرناک کوہ پیمائی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے ۔ “رپورٹ میں گلگت بلتستان کے دشوار گزار راستوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہاں کا ٹریکنگ کا تجربہ ہمالیہ کے پہاڑوں سے بھی زیادہ مشکل ہے۔گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی کا جنون بھی عروج پر ہے۔ 2024میں 1,700سے زائد غیر ملکی کوہ پیماں نے مختلف چوٹیوں کی سر کرنے کے لیے اجازت نامے حاصل کیے۔ان میں سے 175 کوہ پیمائوں نے K2کو سر کرنے کی کوشش کی، جسے دنیا کی سب سے خطرناک چوٹی قرار دیا جاتا ہے۔پاکستانی حکام کے مطابق، گلگت بلتستان میں سیاحتی انفراسٹرکچر بہتر بنانے اور بین الاقوامی سیاحوں کی سہولت کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ماہرین کے مطابق، فہرست میں گلگت بلتستان کا شامل ہونا پاکستان کے سیاحتی شعبے کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، جو ملکی معیشت کو بھی فروغ دے سکتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں