آئین پاکستان کو ماننے والوں سے مذاکرات ہونے چاہئیں

لاہور(بیورو چیف)چیئرمین پاکستان علما ء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آئین پاکستان کو ماننے والے تمام افراد سے مذاکرات ہونے چاہئیں جبکہ جو آئین کو تسلیم نہیں کرتا اسے قبول نہیں کیا جا سکتا، کشمیر، باجوڑ اور بلوچستان سمیت متاثرہ علاقوں میں آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے امن کی اپیل ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بے گناہ شہریوں، خودکش حملوں اور سکیورٹی فورسز پر حملے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ دشمن عناصر پاکستان میں دہشت گردی مسلط کرنا چاہتے ہیں جن کے خلاف قومی اتحاد ناگزیر ہے۔انہوں نے ملک میں ریپ کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس، صدرِ مملکت اور وزیراعظم سے اپیل کی کہ زنا ء اور ریپ کے مقدمات تین ماہ کے اندر نمٹانے کے لیے موثر قانون سازی کی جائے۔انہوںنے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی سے ریاستی نظام کمزور ہوتا ہے، اس لیے قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔ صرف نئے صوبے بنانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ چھوٹے ہوں یا بڑے صوبے ہر جگہ بہتر طرزِ حکمرانی اور مثر گورننس کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات قومی قیادت کے اتحاد اور مشترکہ فیصلوں کا تقاضا کرتے ہیں جبکہ مہنگائی پر فوری توجہ دینا ہوگی کیونکہ عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں