ساہیوال (بیورو چیف)وزیراعلیٰ پنجاب مر یم نواز شریف کے امن، محبت اور رواداری کے وژن اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سیدہ عظمیٰ بخاری کی ہدایات کی روشنی میں پنجاب آرٹس کونسل لاہور کی جانب سے ساہیوال میں پہلی مرتبہ دو روزہ صوفی فیسٹیول 12 اور 13 جون کو منعقد کیا جا رہا ہے۔ فیسٹیول کے انعقاد میں ساہیوال آرٹس کونسل انتظامی و مقامی سطح پر معاونت فراہم کرے گی۔ فیسٹیول میں صوفیانہ فکر، ثقافت اور فنونِ لطیفہ کے رنگ نمایاں ہوں گے۔ فیسٹیول کے پہلے روز 12 جون کو شام 4 بجے مصطفیٰ زیدی آرٹ گیلری، ساہیوال آرٹس کونسل میں خطاطی کی نمائش کا افتتاح کیا جائے گا جس میں نامور فنکاروں کے فن پارے پیش کیے جائیں گے۔ اسی روز شام 7 بجے اجوکا تھیٹر کی جانب سے معروف اسٹیج ڈرامہ ”بلھا” پیش کیا جائے گا۔




