فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یومِ آزادی کے موقع پر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد کے زیرِ اہتمام منعقدہ رنگا رنگ اور پرجوش تقریب میں تحریکِ پاکستان کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے خصوصی تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے دوران جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، جبکہ طلبا نے ملی نغمے پیش کرکے وطن سے محبت اور حب الوطنی کے جذبات کو اجاگر کیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری تھے۔ تقریب میں ڈویژنل ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد مقبول احمد ملک، پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف، پروفیسر مسعود، معروف کاروباری شخصیات نصیر وہرا، ملک امجد، کپل آف فیصل آباد مسٹر و مسز ناصر، دیگر افسران، اساتذہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں طلبا نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے خصوصی تصویری نمائش کا افتتاح کیا اور تحریکِ پاکستان کے ہیروز کی نایاب اور تاریخی تصاویر میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے قیامِ پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد، قربانیوں اور گراں قدر قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے تاریخی تصویری و دستاویزی اثاثے کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے پنجاب کونسل آف دی آرٹس فیصل آباد کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد، بے مثال قربانیوں، انتھک محنت اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ یومِ آزادی ہمیں اپنے قومی ہیروز اور تحریکِ پاکستان کے شہدا کی قربانیوں کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔




