سڈنی(سپورٹس نیوز) جنوبی افریقہ کے سابق عالمی شہرت یافتہ فاسٹ بولر ایلن ڈونلڈ نے آسٹریلوی ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کینگروز کی ٹیم اب ویسی نہیں رہی جس سے حریف ٹیمیں پہلے ڈرجایا کرتی تھیں، آسٹریلوی کرکٹ کی دھاک اب ختم ہو چکی ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایلن ڈونلڈ نے عالمی کرکٹ میں آسٹریلیا کی بالادستی اور حریف ٹیموں پر ان کے خوف کے حوالے سے ایک انتہائی دلچسپ تجزیہ پیش کیا۔سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کو اب وہ خوف، رعب و دبدبہ حاصل نہیں رہا جو 1990 اور 2000 کی دہائیوں میں ہوا کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ حریف ٹیمیں اب آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترتے وقت کسی بھی قسم کا خوف محسوس نہیں کرتیں۔سابق کرکٹر نے نشاندہی کی کہ ہوم اینڈ اوے سیریز میں بھارت کی مسلسل کامیابیوں اور بارڈرگواسکر ٹرافی میں شکست نے آسٹریلیا کا غرور توڑ دیا۔




