سڈنی (مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا کی معروف کمپنی میٹا نے آسٹریلیا میں 7لاکھ 56ہزار سے زائد فیس بک اور انسٹاگرام اکائونٹس بند کر دیے ہیں، یہ اکائونٹس 16سال سے کم عمر بچوں کے تھے، کمپنی کے مطابق یہ قدم اس قانون کی پاسداری کے لیے اٹھایا گیا ہے جس کے تحت کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ میٹا کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال دسمبر سے اِس سال جون کے درمیان انسٹاگرام کے 4 لاکھ 62 ہزار اور فیس بک کے 2 لاکھ 94 ہزار مشکوک اکائونٹس کو معطل کیا گیا،کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ان اکائونٹس کی نشان دہی کے لیے اے آئی کی مدد لے رہی ہے، اس نظام کے ذریعے صارف کے پروفائل اور سرگرمیوں کا جائزہ لیا جاتا ہے، جیسے کہ سالگرہ کے مبارکباد والے پیغامات یا سکول کی کلاسوں کا ذکر، تاکہ عمر کا اندازہ لگایا جا سکے۔ آسٹریلیا کی حکومت نے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت پر سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر یہ قانون نافذ کیا تھا، تاہم سرکاری اعداد و شمار اور آزادانہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ قانون نافذ ہونے کے ابتدائی تین مہینوں میں بھی 16 سال سے کم عمر 80 فیصد سے زائد بچے کسی نہ کسی طریقے سے سوشل میڈیا کا استعمال کرتے رہے۔ دوسری جانب آسٹریلین انٹرنیٹ ریگولیٹراتھارٹی ان سوشل میڈیا کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی پر غور کر رہا ہے جن کے بارے میں اس کا خیال ہے کہ انہوں نے پابندی کو نافذ کرنے کے لیے کافی اقدامات نہیں کیے۔




